جنون کا گانا ”سیونی“ نئے انداز میں گانے پر پاکستانیوں کیساتھ بھارتی بھی برہم

بھارتی میوزک کمپنی کی جانب سے جنون بینڈ کے 90 کی دہائی کے مقبول ترین گانے ’’سیونی‘‘ کو دوبارہ ری کری ایٹ کرکے اس کی شکل بگاڑنے پر جہاں پاکستانی غصے میں ہیں وہیں بھارتی بھی شدید برہم ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ جہاں فخر کرنے کے لیے پاکستان میں بہت سی چیزیں ہیں وہیں پاکستان کے میوزک پر بھی پاکستانیوں کو بے حد فخر ہے۔ 90 کی دہائی میں پاکستان کے مقبول بینڈ جنون نے ایک ایسا گانا تخلیق کیا تھا جو راک اور پاپ بینڈ کے لیے ایک ’’دور‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے اور وہ گانا تھا ’’سیونی‘‘۔ جسے جتنی مقبولیت پاکستان میں ملی وہیں اس گانے نے جنون بینڈ کو بھارت میں بھی راتوں رات مقبول بنادیاتھا۔

یہ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ چاہے گانے ہوں یا فلم کا اسکرپٹ بالی ووڈ چرانے میں بہت ماہر ہے اور خاص طور پر پاکستانی گانوں کو چرا کر ان کی شکل بگاڑنے میں تو بالی ووڈ اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ لیکن اس بار بالی ووڈ نے کاپی کرکے نہیں بلکہ اجازت لے کر ہمارے مقبول گانے ’’سیونی‘‘ کی شکل بگاڑی ہے اور پاکستانیوں سمیت بھارتیوں سے بھی یہ بات ہضم نہیں ہورہی۔

یہ گانا پاکستان کے صوفی راک بینڈ جنون نے اپریل 1997 میں ریلیز کیا تھا اس گانے کی شاعری بینڈ کے لیڈ گٹارسٹ سلمان احمد اور صابر ظفر نے لکھی تھی اور اسے علی عظمت نے گایا تھا۔

بالی ووڈ کی میوزک کمپنی ٹی سیریز نے ’’سیونی‘‘ کو اپنی فلم کے لیے دوبارہ ری کری ایٹ کیا ہے۔ فلم کا نام بھی ’’سیونی‘‘ ہی ہے۔ اس بار ارجیت سنگھ نے اسے اپنی آواز دی ہے، لکی ناڈیا والا نے اس گانے کو پروڈیوس کیاہے۔ جب کہ نتن کمار گپتا اور ابھے سنگھال نے اس گانے کی ہدایات دی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جوئے انجان نے اس گانے کو کمپوز کیا ہے اور آلوکک راہی نے شاعری کی ہے۔

ٹی سیریز نے ٹوئٹر پر اس گانے کی جھلک شیئر کی ہے لیکن لوگ اس گانے کو دوبارہ بنانے پر بالکل بھی خوش نہیں ہیں۔ ایک صارف نے لکھا ہم نے جو ابھی نندن کے ساتھ کیا، اس کا بدلہ لینے کے لیے بھارت نے اس گانے کو دوبارہ بنایا ہے؟

 

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا ہمارے گانے کو صرف ہم بگاڑ سکتے ہیں اور کوئی نہیں۔

 

فروا رضوی نامی خاتون نے لکھا میرے بچپن کی بہترین یادیں برباد کرنے کے لیےمیں ذاتی طور پر ٹی سیریز پر مقدمہ دائر کروں گی۔ سیدہ رامز سامی نامی شخص نے لکھا بالی ووڈ نے ہمارا بہت ہی پیارا گانا برباد کردیا۔

 

صرف پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی بھی ٹی سیریز کی جانب سے اس گانے کو ری کری ایٹ کرنے پر بالکل خوش نہیں ہیں۔ من پریت سنگھ نامی بھارتی شخص نے لکھا پیارے پاکستانیو! اگر ہم بھارتیوں کو یہ اوریجنل گانا پسند نہ ہوتا تو ہم ٹی سیریز کے بنائے ہوئے اس گانے کو کچرا قرار دے دیتے۔ ٹی سیریز کمپنی بخوبی جانتی ہے کہ پرانے ماسٹر پیس گانوں کو کچرے میں کس طرح تبدیل کرنا ہے۔

 

پیوش پٹیل نامی شخص نے لکھا ’’سیونی‘‘ گانے کی وجہ سے میں ’’جنون‘‘ سے متاثر ہوا  اور پھر میں ان کے جنون میں مبتلا ہوگیا۔ ایک اور صارف نے لکھا اگر پاکستان اس گانے کی وجہ سے بھارت سے جنگ کرتا ہے تو مجھے اس میں کچھ غلط نہیں لگتا۔

 

واضح رہے کہ بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز نے اس گانے کو دوبارہ بنانے کے لیے گانے کے رائٹر سلمان احمد سے اجازت لی ہے اور یوٹیوب پر سلمان احمد اور جنون بینڈ کو گانے کا کریڈٹ بھی دیا ہے۔