لیجنڈ گلوکارعالمگیرکی ٹرانسپلانٹ کے بعد صحت بہتر،ہسپتال سے ڈسچارج

لیجنڈ پاپ گلوکار 65 سالہ عالمگیر کی گردے کے ٹرانسپلانٹ کے بعد طبیعت میں مسلسل بہتری کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

’دیکھا نہ تھا کبھی ایسا سماں، کو کو کورینا، اور ’میں نے تمہاری گاگھر سےکبھی پانی پیا تھا‘ سمیت درجنوں مقبول گیت گانے والے عالمگیر کا رواں ماہ 13 نومبر کو گردے کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا۔

ان کا ٹرانسپلانٹ امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا کے ہسپتال میں کیا گیا تھا، جہاں وہ اہل خانہ سمیت مقیم ہیں۔

ٹرانسپلانٹ کے ایک ہفتے بعد انہوں نے 20 نومبر کو اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور اب ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ویڈیو میں وہ کافی کمزور دکھائی دیے، تاہم انہوں نے جذباتی انداز میں اپنے مداحوں کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے ایک ٹرانسپلانٹ کی خاطر 13 برس انتظار کیا۔

عالمگیر نے بتایا کہ ان کے دونوں گردے خراب ہوچکے تھے اور وہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے ڈائلاسز پر تھے، تاہم 5 سال قبل ایک موقع پر ان کےآپریشن  کی تیاری بھی کرلی گئی تھی مگر ان کے گردوں کی حالت انتہائی خراب ہونے کے بعد اس وقت ان کا آپریشن نہیں کیا گیا۔ اور اب 5 سال بعد ان کا ٹرانسپلانٹ کردیا گیا اور مجموعی طور پر انہیں ٹرانسپلانٹ کے لیے 13 سال انتظار کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں ایک ماہ تک گھر تک محدود رہنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ وہ کورونا کی وجہ سے کافی احتیاط کر رہے ہیں، تاہم جلد ہی وہ عام زندگی کی جانب لوٹ کر پھر سے مداحوں کے درمیان آئیں گے۔