معروف ریسلر انڈ ر ٹیکر نے ریٹائرمنٹ لے لی 

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے عظیم ریسلر اور سپر اسٹار انڈرٹیکر نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مارک کلاوے بالمعروف انڈرٹیکر نے ریسلنگ رنگ میں 30 سال کا عرصہ گزارا۔


غیر ملکی چینل ای ایس پی این سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انڈرٹیکر نے ریسلنگ رنگ کو خیرباد کہتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اب میری بس ہوگئی ہے، میں نے اپنا 100 فیصد کام کرلیا ہے۔ 

انڈرٹیکر کا کہنا تھا کہ مجھے میں اب بھی جذبہ باقی ہے، میں ریسلنگ سے بہت محبت رکھتا ہوں، اور جسمانی اعتبار سے دیکھا جائے تو میں اگر ساری زندگی ہی ریسلنگ کرسکتا تو ضرور کرتا، میں ریسلنگ سے بہت محظوظ ہوتا ہوں۔

اپنی عمر کے بڑھنے کا اعتراف کرتے ہوئے ماک کلاوے نے کہا کہ ’لیکن آپ بڑھتی عمر سے نہیں بھاگ سکتے، جسمانی طور پر اب میں اس جگہ پر نہیں ہوں کہ رنگ میں جاؤں اور انڈرٹیکر بن جاؤں‘۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ انڈر ٹیکر سے لوگ توقعات رکھتے ہیں، وہ مجھے ریسلنگ کرتا دیکھنے کے لیے پیسے دیتے ہیں۔

انڈر ٹیکر نے چند روز قبل ریسلنگ ایونٹ سروائیور سیریز میں اپنا آخری مقابلہ لڑا۔


ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹار شین مک ماہن، بگ شو، جے بی ایل، جیف ہارڈی، مک فولی، دی گاڈفادر، دی گڈونس، ساویو ویگا، رکیشی، کیون نیش، رک فلیئر، بوکرٹی، شان مائیکلز اور ٹرپل ایچ کے ساتھ ساتھ ان کے ہاف برادر کین ڈبلیو ڈبلیو ای کے تھنڈر ڈوم پر نمودار ہوئے اور انڈر ٹیکر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

بعد ازاں ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ونس مک ماہن نے تاریخ کے اس عظیم سپر اسٹار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

انڈرٹیکر متعدد مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے بڑے ٹائیٹلز اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ وہ ایک مرتبہ سال 2007 میں رائل رمبل مقابلہ بھی جیت چکے ہیں۔