راہول رائے کارگل پر شوٹنگ کے دوران فالج کا شکار ہوگئے    

بولی وڈ کی میوزیکل رومانٹک فلم ”عاشقی“ سے شہرت حاصل کرنے والے بولی وڈ اداکار 52 سالہ راہول رائے کارگل کی اونچائی پر شوٹنگ کے دوران دماغی فالج کا شکار ہوگئے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق کارگل کے اونچے مقام پر زیادہ ٹھنڈ اور سانس لینے میں دشواری کے باعث راہول رائے دماغی فالج کا شکار ہوگئے، جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کو روک دیا گیا۔

راہول رائے کو کارگل کی اونچائی سے بڑی کوششوں کے بعد مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر لایا گیا، جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے انہیں ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے نجی ہسپتال میں پہنچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق راہول رائے کو دماغی فالج کا شدید حملہ ہوا اور ان کے ذہن کے ایک حصے میں خون جم گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے۔

راہول رائے کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی وی) میں داخل کرادیا گیا ہے، جہاں کئی گھنٹوں بعد ان کی صحت میں کچھ بہتری کی اْمید دکھائی دی ہے۔

راہول رائے پر دماغی فالج کے حملے پر کئی شوبز شخصیات نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔