خیبر پختونخوامیں کورونا ایس او پیز کا ہفتہ منانے کا اعلان

 

 اسلام آباد:خیبر پختو نخوا حکومت نے رواں ہفتہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے طور پر منانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام عوامی مقامات، دفاتر، ٹرانسپورٹ اور مارکیٹس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے علماء اکرام اور سماجی رہنماؤں سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے اور کاروبار کو سیل کر دیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

 وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ گزشتہ چند ہفتوں سے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق رواں ہفتہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے ہفتے کے طور پر منائیں گے۔

 وزیر صحت خیبر پختونخوا نے کہاکہ 12 دسمبر تک صوبے میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

 وزیر صحت خیبر پختونخوا نے کہاکہ اس دوران تمام عوامی مقامات، دفاتر، ٹرانسپورٹ اور مارکیٹس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

 معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی، اپنے اور دوسرے کیلئے اچھا اور محفوظ ماحول بنائیں۔

 انہوں نے کہاکہ رواں ہفتے عوام کی آگہی کے لیے بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہاکہ شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے علماء اکرام اور سماجی رہنماؤں سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔

 کامران بنگش نے کہاکہ عوام ماسک پہنیں، ہاتھ 20 سیکنڈز تک دھوئیں یا سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ سماجی فاصلہ اختیار کریں، غیر ضروری گھروں سے باہر نہ جائیں۔ کامران بنگش نے کہاکہ رش والی جگہوں پر جانے گریز اور عوامی اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات میں شرکت سے اجتناب کیا جائے۔

 کامران بنگش نے کہاکہ شہری کورونا کو شکست دینے میں حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ اضلاع کی انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے گی۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز، دکانداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے گا۔

 کامران بنگش نے کہاکہ کمرشل اداروں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور دکانوں پر رش کے ذمہ دار مالکان ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کورونا ایس پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔

انہوں نے واضح کیاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے اور کاروبار کو سیل کر دیا جائے گا۔ کامران بنگش نے کہاکہ عوام کے تعاون سے پہلی لہر کی طرح دوسری لہر پر بھی قابو پا لیں گے۔