کوئٹہ:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزارت داخلہ کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے مسلح جتھوں سے متعلق مراسلے کو بد نیتی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی تاریخ ساز تحریک کا آخری جلسہ لاہور میں ہوگا۔
حکومت پی ڈی ایم کے جلسوں سے بوکھلاہٹ کاشکارہوکر سیاسی دباؤ بڑھانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔
حکومت نے معیشت کو زمین بوس کرکے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے آئین کی بات کرنے والوں کو غداری کے القابات سے نوازا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رضاکار انصارالاسلام کے کارکنوں سے کوئٹہ میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مسلح جتھوں سے متعلق وزارت داخلہ کے مراسلے کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مراسلے کے الفاظ نئے نہیں ہیں عسکری ونگ اور رضاکار میں فرق ہوتا ہے، رضاکار انصارالاسلام کے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رضاکاروں پر کبھی اعتراض نہیں کیا گیا، رضاکار جے یو آئی ف کے دستور کا حصہ ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2001میں ہم نے لاکھوں کے جلسے کیے، ہمارے رضاکاروں کی پلاننگ کو اس وقت کے وزیر داخلہ نے بھی سراہا2017میں بھی ہم نے جلسے کیے، انصارالاسلام کے رضاکاروں نے سیکیورٹی سنبھالی، آزادی مارچ میں بھی ان ہی رضاکاروں نے سیکیورٹی دی، گملا تک نہیں ٹوٹا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈنڈے کی کوئی رجسٹریشن نہیں ہوتی، نہ لائسنس ہوتا ہے، ایسے مراسلے صرف سیاسی دباؤ کے لیے ہوتے ہیں۔ رضاکار الیکشن کمیشن سے رجسٹرڈ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایسے ہتھکنڈے صرف سیاسی دباؤ کیلئے ہوتے ہیں سلیکٹڈ حکومت معیشت کو زمین بوس اور عوام کو نان شبینہ کے محتاج بنانے کے بعد اب سیاسی جماعتوں کے ذیلی تنظیموں کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں ہم نا اہل حکومت کے ایسے کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔