اسلام آباد:کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اسد عمر کو کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، کمیٹی میں وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی حماد اظہر، معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر فیصل سلطان شامل ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ خصوصی کمیٹی کوروناویکسین خریداری کے عمل کی نگرانی کریگی، خصوصی کمیٹی کے فیصلے حتمی ہوں گے اور کابینہ سے توثیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی کے قیام کا مقصد ویکسین خریداری کا عمل شفاف بنانا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا ویکسین کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں، روس پاکستان کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگیا ہے، ماسکو حکومت نے فروخت کی پیش کش کی ہے۔