وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم قائدین جزباتی ہوگئے ہیں تاہم یاد رکھیں کہ دھرنے اور جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں جبکہ ان کے استعفوں سے جمہوریت کا ہی نقصان ہوگا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دھرنے اور جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، 1970 کے بعد جتنے بھی الیکشن ہوئے ہارنے والوں نے تسلیم نہیں کیے ، 2018 کے الیکشن نتائج آپ کو قبول نہیں تو 2013 کے نتائج بھی کسی نے تسلیم نہیں کیے تھے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنما جذباتی ہوگئے ہیں ان کے استعفوں سے جمہوریت کو فائدہ نہیں ہوگا۔ پی ڈی ایم آئینی راستہ اختیارنہیں کررہی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کورونا کی وبا سے دوچار ہے، کوروناکی دوسری لہر بہت خطرناک ہے، اس وبا سے ہلاکتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ اپوزیشن تصادم کی سیاست چھوڑکر مہلک کرونا وائرس سے انسانیت کو بچانے میں حکومت سے تعاون کریں۔