بچوں کو بھاری بھرکم سکول بیگز سے نجات مل گئی، خیبر پختونخوا اسمبلی سے بل منظور

پشاور:خیبر پختونخوا اسمبلی نے سکول بیگز ویٹ لیمی ٹیشن بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

  اس حوالے سے صوبائی وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ اسمبلی کے احاطے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  بچوں کو بھاری سکول بیگز سے مکمل نجات مل گئی ہے۔سکول بیگ کا وزن کم ہونے سے بچوں کی بہتر ذہنی اورجسمانی نشونماہوگی

 انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اس قانون پرعملدرآمد ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزکرائیں گے جبکہ پرائیویٹ سکولوں میں عملدرآمد بذریعہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ہوگی۔

 پرائیویٹ سکولوں کو خلاف ورزی کی صورت میں 2 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ایک مہینے کے اندر اندر یہ قانون قابل عمل ہوگا۔

وزیر تعلیم نے سکول بیگ وزن کے حوالے سے کہا کہ جماعت اول کے لیے سکول بیگ کا وزن 2.4 کلو گرام  جماعت دوم کے لیے 2.6 کلو گرام،  تیسری جماعت کے لیے  3 کلو گرام جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری کے لئے سات کلو گرام وزن ہوگا۔