وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ جعلی استعفے پیش کرنے سے حکومتیں ٹس سے مس نہیں ہوتیں، پی ڈی ایم کواگرحکومت گرانے کا اتنا ہی شوق ہے تو آئینی راستے پر چلتے ہوئے اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئیں ۔
ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ مولانا فضل الرحمان کو یقین ہو گیا ہے کہ ان کیلیے پارلیمنٹ کا گیٹ لائف ٹائم کیلیے بند ہو گیا ہے ، لہذا وہ ڈنڈا بردار فورس بنا کر سڑکوں پر لے آیا ہے، تاہم حکومت نے مولانا کے جتھوں اور یونیفارم میں ملبوس ڈنڈا بردار فوج کو قانون کے تابع کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیز کیساتھ ملتے جلتے یونیفارم پہنا کر جتھوں کو سڑکوں پر اگر کوئی لاتا ہے تو ریاست کا ڈنڈا ان کا استقبال کریگا ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ہر جماعت کا ایجنڈا اسکی ذات کے ساتھ جڑا ہوا ہے ، کورونا وباء کے باوجود پی ڈی ایم ٹولے کا غیر ذمے دارانہ رویہ شرمناک ہے ، ان عناصر کا گھٹیا بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا ، کورونا میں عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو کوئی شرم ہے نہ حیا۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سیکیورٹی اداروں سے تصادم چاہتی ہے مگر حکومت انہیں سیاسی شہادت کا موقع نہیں دیگی ۔
علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسترد شدہ سند یافتہ جھوٹوں کا جھوٹا چورن اب بِکنے والا نہیں ، ایک نہیں دو نہیں بلکہ جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بناکر ’’ جھوٹی ‘‘ کا ٹائٹل پانے والی راجکماری اپنی کنیزوں کیساتھ ووٹ کی عزت سمجھانے نکلی ہے۔