اسلام آباد:حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں حکومت کیخلاف لانگ مارچ ہوگا۔
پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کنوینر احسن اقبال کی صدارت میں ہو ا جس میں سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، مولانا اسعد محمود،میر کبیر شاہی، میاں افتخار، شاہ اویس نورانی، حافظ عبدالکریم شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ڈی ایم لاہور جلسہ کے بعد کے احتجاجی شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار نے کہاکہ مینار پاکستان کو تالاب بنا دیا ہے،گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں،ڈی جے بٹ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،جلسہ روکنے کے لیے تمام کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکمران اتنا ڈر گئے ہیں جلسہ لازمی ہو گا،یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے ہم نے نہ پہلے مانا نہ آئندہ مانیں گے،تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔
انہوں نے کہاکہ جنوری کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہو گا،لاہور جلسے میں آئندہ شیڈول کا اعلان کیا جائے گا،13 دسمبر کے جلسے پر توجہ مرکوز ہے،جنوری میں ڈاکٹرز،وکلا، تاجرز اور کسانوں سے رابطہ کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو تحریک کا حصہ بنایا جائے گا،حکومت نے گرفتاریاں شروع کردی ہیں،حکومت ناکام اور اپوزیشن کامیاب ہوئی ہے،لاہور میں حکومت کو شکست فاش دینگے،حکومتی ہتھکنڈو ں کا سامنا کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ پابندیوں کے باجود ملتان کا جلسہ کامیاب ترین تھا،دھاندلی زدہ حکومت کو پہلے مانہ نہ اب مانیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا شیڈول طے ہوچکا ہے اعلان لاہور جلسے میں ہوگا