خیبر پختونخوا حکومت نے دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی قیمت مقرر کردی 

پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ آثارِ قدیمہ نے بالی ووڈ کے ممتاز اور تاریخ ساز فنکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کی پشاور میں آبائی رہائش گاہوں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کیلئے گھروں کی قیمت کا تعین کرلیا۔

 دلیپ کمارکے گھر کی مجموعی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے مقرر کئے گئے ہیں‘ دستاویز کے مطابق راج کپور کے گھر کی قیمت ایک کروڑ 50لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

 دونوں گھروں کی اراضی کی قیمت کاتعین ڈپٹی کمشنر پشاور نے کیا‘ دونوں گھروں کے ڈھانچے کی قیمت کا تعین سی اینڈ ڈبلیو نے کیا۔ محکمہ اثار قدیمہ نے فنڈز کی فراہمی کیلئے سیکرٹری ثقافت کو کیس ارسال کردیا۔ 

خیال رہے کہ معروف اداکار دلیپ کمار کا گھر پشاور کے مشہور اور تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے۔ یہ کبھی رہائشی علاقہ ہوتا تھا مگر اب یہ ایک بڑا کاروباری مرکز ہے۔

 دلیپ کمار کے نام سے مشہور محمد یوسف خان کی پیدائش 11 دسمبر 1922ء کو اس گھر میں ہوئی تھی اور 1930ء میں دلیپ کمار اپنے خاندان کے ہمراہ بمبئی چلے گئے تھے۔ 

2013ء میں دلیپ کمار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔

 1988ء میں دلیپ کمار نے اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔اس وقت انہوں نے اپنے گھر کی دہلیز کو چوما تھا اور میڈیا کے سامنے اپنے بچپن کی یادیں دہراتے رہے تھے۔

 1997ء میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر بھی وہ پشاور میں اپنے آبائی گھر جانا چاہتے تھے مگر استقبال کیلئے آنے والے عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔

 پشاور میں کپور حویلی دلگران کے علاقے میں واقع ہے۔ بھارت میں بالی ووڈ کو متعدد سپر سٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اس حویلی میں پیدا ہوئی تھی۔ اس کو 1918ء سے لیکر 1922ء کے درمیان میں راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا۔