وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، وہ جس راستے پر چل رہی ہے اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، جلسوں کے خلاف نہیں ہیں لیکن اپوزیشن کو دیکھنا چاہیے ملکی حالات کیا ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ لانگ مارچ کریں گے، دھرنا دیں گے دے لیجیے، لیکن یاد رکھیں آپ جس راستے پر چل نکلے ہیں اس سے جمہوری نظام کا ہی نقصان ہوگا، آپ جمہوریت کے علمبردار بنتے ہیں لیکن الٹا جمہوریت کو ہی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
کورونا کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر بہت خطرناک ہے ہمیں اس کو سنجیدہ لینا ہوگا اور ہم سب نے مل کر ہی اس مہلک وائرس سے اپنے آپ سمیت تمام انسانیت کو بچانا ہے۔