سال کے اختتام پر ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے نام ایک نیا اعزاز

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر رواں برس اپریل سے نشر ہونے والےشہرہ آفاق ترک ڈراما 'ارطغرل غازی' اگرچہ پاکستان میں نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہو گیا تاہم سال کے اختتام پر بھی اس نے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

'ارطغرل غازی' پاکستان میں سال 2020 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا ڈراما بن گیا اور اس نے مقبولیت میں پاکستانی ڈراموں، فلموں اور ہولی وڈ و بولی وڈ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

گوگل ٹرینڈز نے سال 2020 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے، ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز کی فہرست جاری کردی۔

'ارطغرل غازی' پاکستان میں سال 2020 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا ڈراما ہے اور اسے سب سے زیادہ آزاد جموں و کشمیر میں سرچ کیا گیا۔

حیران کن طور پر کراچی جیسے بڑے شہر اور سب سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین ہونے کے باوجود 'ارطغرل غازی' کو صوبہ سندھ میں سب سے کم سرچ کیا گیا۔

'ارطغرل غازی' کو دوسرے نمبر پر پنجاب، تیسرے نمبر پر خیبر پختونخوا اور چوتھے نمبر پر بلوچستان میں سرچ کیا گیا۔

پاکستان میں ڈراما انڈسٹری میں نئے ریکارڈز بنانے والے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے ڈرامے میرے پاس تم ہو سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ڈراموں و فلموں میں دوسرے نمبر پر رہا، اس ڈرامے کو سب سے زیادہ صوبہ سندھ میں سرچ کیا گیا۔

یٹ فلیکس کی ویب سیریز ’منی ہیسٹ‘ بھی رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی سیریز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہی۔

حیران کن طور پر جہاں پاکستان میں سال 2020 میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ڈرامے کا اعزاز ترک ڈرامے کو رہا، وہیں ترکی کا دوسرا مقبول ڈراما کورلش عثمان بھی سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والوں ڈراموں میں شمار ہوا۔

اس ڈرامے کے دوسرے سیزن کا آغاز اکتوبر 2020 میں ہوا تھا اور اگرچہ اس ڈرامے کو اردو میں پاکستان میں نشر نہیں کیا جا رہا، تاہم اس باوجود اسے انٹرنیٹ پر تلاش کیا جاتا رہا اورپاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ڈراموں و فلموں میں میں اس کا آٹھواں نمبر رہا۔