توشہ خانہ ریفرنس ، نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کیخلاف مریم نواز نے اعتراضات دائرکردیے

اسلام آباد: احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کے خلاف مریم نواز نے اعتراضات دائرکردیے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اصغر علی نےکی۔

اس دوران سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے جائیداد ضبطگی کے خلاف اعتراضات دائرکردیے گئے۔

مریم نواز کی جانب سے دائر درخواست میں کہاگیا ہےکہ مری اور چھانگلہ گلی کاگھر کلثوم نواز کی ملکیت تھا اس لیے اسے ضبط نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کو اشتہاری قرار دیا تھا اور عدالت نے جائیداد کی تفصیل طلب کرکے جائیداد ضبطی کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔

احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔