وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے شیخ رشید سمیت کئی وفاقی وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد ہی جاری کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید سے وزارت ریلوے کا قلمدان واپس لے کر انہیں وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں اب وزیر انسداد منشیات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اعظم سواتی کو شیخ رشید کی جگہ وزیر ریلوے کا قلمدان دیا گیا ہے جب کہ مشیر خزانہ سے وفاقی وزیر بننے والے حفیظ شیخ کو ایک بار پھر وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حفیظ شیخ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ کے عہدے پر فائز تھے جنہوں نے آج ہی وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ میں رواں برس اپریل میں تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا کر اقتصادی امور، حماد اظہر کو اقتصادی امور کی جگہ وزارت صنعت جبکہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو وزارت غذائی تحفظ دی گئی تھی۔