وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے ثمرات کو جلد عام آدمی تک پہنچانے کیلیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا۔وزیرِ اعظم کو ملک کی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال پرائمری بیلنس سرپلس، ایف بی آر محصولات میں 5 فی صد اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ1.2ارب ڈالر سرپلس ،ترسیلات میں 27 فیصد اضافہ، براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 9.1 فیصد اضافہ، سٹیٹ بنک کے ذخائر 13.4 ارب ڈالر ہوگئے۔بڑے پیمانے کی صنعت، آٹو انڈسٹری اور فرٹیلائزر انڈسٹری کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
جمعہ کے روز وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھی خوشخبری دی ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے مسلسل چھ ماہ سے ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔گزشتہ ماہ نومبر میں بھی ترسیلات زر 2.34 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی تا نومبر کی ترسیلات 11.8 ارب ڈالر رہی ہیں۔