حکومتی اجازت نہ ہونے کے باوجود مینار پاکستان گراؤنڈ میں اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ اتوار کو مینار پاکستان پر ہوگا۔ جلسے کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کررہی ہے۔ جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، اختر مینگل اور اویس نورانی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ گزشتہ رات بارش کی وجہ مینار پاکستان کے میدان کا کچھ حصہ گیلا ہے لیکن میدان میں کرسیاں لگانے اور قائدین کے لئے اسٹیج بھی بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلٰی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔