وفاق کا بغاوت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کا فیصلہ  

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ریاست کے خلاف بغاوت اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، مقدمات درج کرنے کا اختیار وفاقی سیکرٹری داخلہ کو دے دیا ہے۔  صوبائی حکومتیں بھی مقدمات کی منظوری دے سکیں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ریاست کے خلاف بغاوت اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ مقدمات درج کرنے کا اختیاردے دیا ہے۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مقدمات درج کرنے کا اختیار کابینہ کی منظوری سے دیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری کابینہ ڈویڑن کو بھجوا دی ہے۔ضابطہ فوجداری کے سیکشن 196کے تحت وفاقی سیکرٹری کو کاروائی کا اختیار دیا گیاہے۔

متعلقہ عدالتیں سیکرٹری داخلہ کی منظوری کے بغیر درج ہونے والے مقدمات کا ٹرائل نہیں کرسکیں گی۔اسی طرح صوبائی حکومتیں بھی ریاست کے خلاف بغاوت اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کی منظوری دے سکیں گی۔

 ریاست کے خلاف بغاوت کرنے کے اعلانات پر فوری مقدمات درج کیے جاسکیں گے۔ 153اے سمیت 5 سیکشنز کا مقدمہ سیکرٹری کی منظوری سے درج ہوسکے گا۔