اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلیوں پر پیرس معاہدے کی پانچویں سال گرہ پر بین الاقوامی ورچوئل سمٹ سے خطاب کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے، کوئلے سے چلنے والے پلانٹ کی جگہ ہائیڈرو پاور پلانٹ لگائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا پاکستان نے 2030 تک مجموعی توانائی کے 60 فی صد کو کلین انرجی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فی صد سے بھی کم ہے، جب کہ بدقسمتی سے پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے دنیا میں پانچواں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کلین انرجی کی جانب گامزن ہے، 2030 تک 30 فی صدگاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا ہم نیشنل پارک کی تعداد 30 سے بڑھا کر 45 کر رہے ہیں، اگلے 3 سال میں 10 ارب پودے بھی لگائیں گے۔