اسلام آباد:سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو تیار رہنے کا گرین سگنل دے دیا گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ انتخابات کی تیاریاں جلد مکمل کر لی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات فروری میں ہی کرائے جا سکتے ہیں، عام طور پر اراکین کے ریٹائرڈ ہونے سے ایک ہفتہ قبل الیکشن کرائے جاتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن چاہے تو اراکین کی ریٹائرمنٹ سے 30 روز قبل بھی الیکشن کرا سکتا ہے۔
بتایا گیا کہ 12 سے 15 فروری کو انتخابات کی تجویز زیر غور ہے، اپوزیشن استعفے دے کر حکومت اور الیکشن کمیشن کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
استعفوں کی صورت میں الیکشن کمیشن 60 دن میں ضمنی انتخاب کرنے کا پابند ہے، جبکہ ضمنی انتخاب کے نتیجے میں کامیاب امیدواروں کی مدت 13 مارچ تک ہی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کو آئندہ 6 سال کیلئے مقررہ مدت میں نئے انتخابات کرانے ہوں گے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے سینیٹ کا الیکٹورل کالج توڑنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ 12 مارچ 2021 کو سینیٹ کے 52 ارکان ریٹائرڈ ہو جائیں گے، جس سے اپوزیشن کے سینئر ارکان ایوان سے باہر ہو جائیں گے۔