پاکستان میں حال ہی میں اپنا آپریشن شروع کرنے والے نجی ایئرلائن ایئرسیال نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے کسی پیارے کی میت کے ساتھ آنے والے مسافر کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرلائن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین ایئرسیال فضل جیلانی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنے تمام روٹس پر خاندان کے ایک فرد کے ساتھ میتوں کی نقل و حرکت مفت فراہم کرے گی۔
اسی لحاظ سے یہ پہلی ایئرلائن ہوگی جو میت کے ساتھ گھر کے رکن کو مفت ٹکٹ فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کی جانب سے شروع کی جانے والی ایئرلائن ایئرسیال کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے 9 دسمبر کو کیا تھا۔
ملک کی یہ تیسری نجی ایئرلائن 25 دسمبر سے اپنے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی جبکہ اس کے فلائٹ شیڈول کا اعلان پہلی ہی کیا جاچکا ہے۔
نئی متعارف کروائی گئی یہ ایئرلائن کراچی، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ اور لاہور کے روٹس پر چلے گی۔