اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کو صاف بتا دیں این آر او نہیں ملے گا۔
لاہور سمیت پی ڈی ایم کے تمام جلسے ناکام ہوئے، عوام اپوزیشن کا بیانیہ قبول نہیں کریں گے،اپوزیشن کی جماعتوں میں ڈکٹیٹر شپ ہے، ایک کو قیادت وصیت میں ملی دوسری کو ابو نے لیڈر بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی اعلی سطح اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق وزیر اعظم نے وزراء کو ہدایت کی کہ اپوزیشن کو صاف صاف بتا دیں، این آرا و نہیں ملے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ عوام اپوزیشن کا بیانیہ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت پی ڈی ایم کے تمام جلسے ناکام ہوئے، لاہور کے عوام سیاسی طور پر بہت باشعور ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ مجھے لاہوریوں کو جلسوں کے لئے نکالنے میں 14 برس لگے، لاہوریوں نے پی ڈی ایم شو کو مسترد کر کے بڑا فیصلہ دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ لاہوریوں کا سیاسی شعور پی ڈی ایم کے بیانیے کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں غیر جمہوری مطالبات کئے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں میں ڈکٹیٹر شپ ہے، ایک کو قیادت وصیت میں ملی دوسری کو ابو نے لیڈر بنا دیا۔