پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور افغانستان میں کمانڈر ریزولوٹ سپورٹ مشن جنرل آسٹن اسکاٹ ملر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغان مصالحتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے آر ایس ایم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور جنرل ملر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ زلمے خلیل زاد کا حالیہ دورہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغان حکومت اور افغان طالبان کی مذاکراتی ٹیموں نے ایجنڈے کے آئٹمز پر 'مشاورت' کے لیے اپنی گفتگو میں 20 دن کے وقفے کا اعلان کیا تھا۔
رواں سال پاکستان نے نہ صرف امریکا اور طالبان کو اپنے معاہدے پر دستخط کرنے میں مدد فراہم کی بلکہ انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز میں اور اس کے بعد بات چیت کے قواعد و ضوابط کے بارے میں معاہدے میں بھی سہولت کاری کی تھی۔