کراچی: بم ڈسپوزل اسکواڈ نےکلفٹن میں بلاول ہاؤس کے سامنے کھڑی گاڑی میں نصب بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق مشکوک گاڑی میں بم کی اطلاع ون فائیو پر دی گئی تھی جس پر پولیس اور بی ڈی ایس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور 200 میٹر کے علاقے کو گھیرے میں لے کر شہریوں سے خالی کرا کر بم کو ناکارہ بنادیا۔
پولیس نے بم کے بارے میں بتایا کہ ریموٹ کنٹرول میگنیٹک ڈیوائس تھی جسے چلتی ہوئی گاڑی پر چپکایا گیا تھا اور ڈیوائس میں ایک کلو سے زائد سیاہ رنگ کا بارودی مواد موجود تھا۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیرشیخ کا کہنا ہے کہ بم ڈبل کیبن گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اور گاڑی بلاول ہاؤس کے سامنے یبنک پر گھڑی تھی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گاڑی چینی ریسٹورینٹ کی ملکیت ہے، کار میں ریسٹورینٹ کا چینی عملہ سوار تھا جس کے بروقت اطلاع دینے سے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ گاڑی میں سوار چینی عملہ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔