وزارتِ اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق جاپان اور پاکستان کے مابین گرانٹ ایڈ معاہدہ ہوگیا جس کے تحت جاپان انسداد کورونا کیلئے پاکستان کو 1.54 بلین گرانٹ فراہم کریگا۔
گرانٹ ایڈ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی جس میں جاپانی سفیر اور سیکرٹری اقتصادی امور نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت طبی شعبے سے متعلقہ سامان بالخصوص وینٹیلیٹرز اور آکسیجن سیلنڈر کی خریداری میں مدد ملے گی۔
سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے بتایا کہ جاپان سے پمز اور حیدرآباد ہاسپٹل میں سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے بھی مدد ملی، انسدادِ کورونا کیلئے مدد اور تعاون کیلئے جاپان کے شکر گزار ہیں، جاپان کی پولیو کی روک تھام کیلئے بھی مدد قابلِ ستائش ہے۔
جاپانی سفیرنے کہا کہ پاکستان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اختیار کی، امید ہے کہ کورونا کی دوسری لہر سے بھی پاکستان بہتر انداز سے نمٹے گا، جاپان پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا۔