مینا ر پاکستان پر جلسہ، 1کروڑ 2لاکھ سے زائد کا نقصان، لیگ ن کو نوٹس ارسال

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی میزبانی میں 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسے کے انعقاد کے باعث ہونے والے نقصانات کی تخمینہ جاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔

پی ایچ اے نے تیار کی گئی رپورٹ کو ڈپٹی کمشنر لاہور اور کمشنر لاہور کے حوالے کردیا ہے۔

 پی ایچ اے نے رپورٹ میں موقف اختیار کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر اجتماع منعقد کیا اور اس کی تیاریوں کے سلسلے میں منتظمین کے حکم پر مختلف مدعات میں پی ایچ اے کو نقصان پہنچایا گیا۔

 جس کا تخمینہ 1 کروڑ 2لاکھ 70 ہزار روپے لگایا گیا ہے جبکہ پی ایچ اے نے رقم جمع کروانے کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کے منتظمین جن میں سینیٹر رانا مقبول احمد، سمیع اللہ اور دیگر شامل ہیں کو نوٹس بھجوا دئیے گئے ہیں۔

نوٹس میں ان پر واضح کردیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے نوٹس میں دی گئی مدت میں رقم جمع نہ کروائی تو ان کے خلاف ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ان کی جائیدادوں کو ریونیو سے منسوب کردیا جائے گا۔