اسلام آباد: پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنزکی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 11 جنوری سے ہر صورت سکولز کھولنے کا اعلان کردیا۔
تیس سے زائد پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت اعلان کرے یا نہ کرے 11 جنوری کو ہر صورت سکولز کھولیں گے، سکولز کھولنے کی کیا حکمت عملی ہوگی یہ بعد میں طے کرینگے، حکومت نے بھی 11 جنوری کی تاریخ دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز اور سسٹم پر مشتمل سپریم کونسل تشکیل دے دی ہے، اگر حکومت ادارہ سیل کرے گی تو بھرپور احتجاج کریں گے، جب سب کچھ کھلا ہے تو تعلیمی ادارے کیوں بند ہیں؟۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے تعلیمی اداروں کو بلاسود قرضے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا .
انھوں نے کہا کہ اب ایس او پیز کے ساتھ ادارے چلائیں گے، تعلیمی اداروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عملدر آمد کریں، 27 دسمبر سے پہلے این سی او سی کو تحریری تجاویز دی جائیں گی۔