طالبان پولیٹیکل کمیشن کے 9 رکنی وفد کی پاکستان آمد

 قطرمیں طالبان کے سیاسی دفترکے سربراہ ملاعبدالغنی برادرکی سربراہی میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کا 9 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق طالبان پولیٹیکل کمیشن کا وفد 16 سے لیکر 18 دسمبر تک پاکستان میں تین دن قیام کرے گا۔

طالبان  وفد اسلام آباد میں قیام کے دوران حکومتی عہدیداران سے ملاقات بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی تھی، زلمے خلیل زاد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اس موقع پر افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل آسٹن ملر بھی موجود تھے۔

آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے افغانستان میں استحکام کے لیے آر ایس ایم کے کردار کی تعریف کی۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، دوسری جانب زلمے خلیل زاد کی خطے میں فروغ امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔