پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 1971ء کی طرح آج بھی ووٹ کی عزت پامال کی جا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرمریم نواز کا کہنا تھا کہ 49 برس پہلے آج ہی کے دن قائد اعظم کا پاکستان دو لخت ہو گیا، اس لیے کہ ایک ڈکٹیٹر نے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، ووٹ کی عزت پامال کی۔ حمود الرحمن کمیشن کی سفارشات کو ٹکراتے ہوئے آج بھی ووٹ کی عزت پامال کی جا رہی ہے، لیکن اب یہ نہیں ہوگا۔
مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن آرمی سکول پشاور کا دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا، دہشت گردوں نے ہمارے پھول سے بچے، ہمارا مستقبل ہم سے چھین لیا،تاہم قوم نے نواز شریف کی قیادت ، مسلح افواج اور تمام سول سکیورٹی اداروں کی مدد سے اپنے بچوں کے خون کا بدلہ لیا، دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی اور امن بحال کیا۔