سانحہ اے پی ایس کے بعد قومی اتحاد نے ہی دہشتگردی کو شکست دی۔ وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول انتہائی افسوسناک  اور دل سوز سانحہ تھا جس پر آج بھی دل افسردہ ہے تاہم اس سانحہ نے قوم کو متحد کیا، اور پوری  قوم نے مل کر دہشتگردی کو شکست دی۔

پشاور میں کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران  وزیراعظم عمران خان نے 6 سال قبل پیش آنے والے دل سوز سانحہ اے پی ایس پر بات کرتے ہوئے  کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پر آج بھی دل افسردہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول انتہائی افسوسناک تھا لیکن اس سانحہ نے قوم کو متحد کیا، اور پوری  قوم نے مل کر دہشتگردی کو شکست دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس سانحہ کے بعد پوری قوم نے دہشتگردی کے خلاف اتحاد ویگانگت کا جو مظاہرہ  پیش کیا اورفیصلہ کیا کہ مل کردہشت گردی کا مقابلہ کریں گے،قوم کے اسی جذبے نے ہی دہشتگردی کو شکست دی اور آج  اللہ کے فضل سے ملک میں امن ہے۔

خیال رہے کہ 6 سال قبل علم دشمنوں نے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا تھا اور 16 دسمبر 2014 کو مہاجرین کے روپ میں پاکستان داخل ہونے والے سفاک دہشتگردوں نے مقامی افراد کی مدد سے آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا تھا اور حصول علم میں مگن بچوں پر فائرنگ کی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے اسکول کا گھیراؤ کیا اور خود کار اسلحے سے لیس کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 خود کش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد ہلاک کیا تھا۔

6 گھنٹے سے زیادہ کے آپریشن کے بعد اسکول کو کلئیر کیا گیا، سانحہ اے پی ایس میں بچوں سمیت تقریباً 150 افراد شہید ہوئے تھے۔as