پشاور: سانحہ آرمی پبلک سکول کی چھٹی برسی کے موقع پر اس سانحے کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ کے مشیر کامران بنگش کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر شہدائے آرمی پبلک سکول کے درجات کی بلندی ملک میں دیر پا امن کے قیام، ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا سے نجات متاثرہ مریضوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے ننھے اور معصوم بچوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی، ان معصوم شہداء نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کرکے دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں مثالی امن کا قیام ان معصوم شہداء کی قربانیوں کے نتیجے میں ممکن ہوا۔
وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ ہم آرمی پبلک سکول کے شہداء کو بھولے ہیں اور نہ کبھی بھولیں گے۔
صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور جس صبر اور حوصلے سے انہوں نے اپنے جگر گوشوں کی جدائی کا غم برداشت کیا ہے پوری قوم ان کے حوصلوں کو سلام پیش کرتی ہے۔