سینیٹ انتخابات قبل از وقت کروانے کا اعلان حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہےکہ ملک میں سینیٹ انتخابات کے اعلان کرنے کے اختیارات صرف الیکشن کمیشن پاکستان کے پاس ہے تاہم  سینیٹ انتخابات بارے عمران خان کا اعلان ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ،پی ٹی آئی حکومت اپنے ہوش کھو بیٹھی ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے سوال کیا کہ یہ آئینی اختیارات حکومت کے سپرد کس نے کیے؟

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حکومت کے اس فیصلے کا سختی سے نوٹس لےاور یہ کہ یہ انتخابات صرف خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت پی ڈی ایم کی ریلیوں اور اپنے خلاف موجودہ مہم سے پریشان نہیں ہے تو وزیراعظم عمران خان نے مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات فروری میں کروانے کا اعلان کیوں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے ہوش کھو بیٹھی ہے، ملک میں عام انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے۔