اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی تمام چیک پوسٹوں کو ختم کیا جارہا ہے۔، وزیراعظم عمران خان سے درخواست کریں گے کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس پر بہت کم خرچ کیا جا رہا ہے جو بہت کم ہے جبکہ اسلام آباد میں 20فیصد جرائم میں کمی ہوئی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ زکے ذریعے ہونے سے شفافیت ہو گی اور سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈزکے ذریعے کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اگر سینیٹ کے انتخابات شو آف ہینڈز کے ذریعے ہو گیا تو دھاندلی ختم ہو جائے گی۔
سپریم کورٹ نے سینیٹ کے شو آف ہینڈ زانتخابات کی اجازت دے دی تو یہ بہت بڑا انقلاب ہو گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بڑے ہوٹلوں اور مارگلہ کے علاوہ تمام چیک پوسٹ ختم کریں گے اور اسلام آباد کے تھانوں میں شہریوں کو عزت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں فرانزک لیب کے قیام سمیت متعدد منصوبے زیر غور ہیں اور بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کے اعداد و شمار اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
کوشش ہے اسلام آباد پاکستان کا بہترین سیف سٹی ہو،شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں پولیس کی غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کریں گے۔
امن و امان کے قیام میں پولیس صف اول کا دستہ ہے اور اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔