وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات، عمران خان کی تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے وفد کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا   ہے کہ لاپتہ کارکنان اور ایف آئی آرسے متعلق معاملہ وزارت داخلہ دیکھے گا۔

 جمعرات کووزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطح وفد نے  ملاقات کی، وفدمیں خالدمقبول صدیقی،امین الحق اورحیدرعباس رضوی شامل تھے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسدعمر،علی زیدی، گورنرسندھ بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک اور صوبہ سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت کراچی پیکیج و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سینیٹ انتخابات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایم کیوایم کے اراکین نے سینیٹ انتخابات میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ایم کیوایم کے وفد  نے ملاقات میں وزیراعظم کے سامنے تحفظات بھی رکھے اور سیاسی دفاترکی واپسی،لاپتہ کارکنوں،ترقیاتی کاموں میں تاخیرکامعاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ آزادانہ سیاست اوردفاترملناآئینی حق ہے، وزیراعظم اپناکرداراداکریں اور لاپتہ کارکنان، جھوٹی ایف آئی آرکیاندراج پروزیراعظم نوٹس لیں۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا اور کراچی کے منصوبوں پر مشاورت میں ایم اکیوایم کو شامل رکھا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاپتہ کارکنان اور ایف آئی آر سے متعلق معاملہ وزارت داخلہ دیکھے، وزارت داخلہ آئین وقانون کے تحت معاملے پر کردار ادا کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان حکومت میں معاہدے کے تحت ایم کیو ایم کا مشیرشامل کیے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔