صوبائی دارلحکومت پشاورکے مزید 3 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے مزید 3 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

پشاورانتظامیہ کے جاری کیئے گئے اعلامیےکے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن ریلوے کالونی، محلہ عزیز خان بشیر آباد اور فالکن کالونی ہو گا۔

ان علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن آج شام 6 بجے سے نافذ ہو گا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن میں میڈیکل اورجنرل اسٹور اور تندور کھانے پینےکی چیزوں کی دکانیں کھلی رہیں گی، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں آنا جانا بھی بند رہے گا۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 54 ہزار 448 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 521 ہو گئیں۔

دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 179 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 87 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 4 ہزار 649 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔