پنجاب کے اساتذہ کا احتجاج، بنی گالا جانے کی کوشش، پولیس کا لاٹھی چارج و شیلنگ، 18گرفتار

اسلام آباد:پنجاب کے کنٹریکٹ اساتذہ نے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے بنی گالا جانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں آگے بڑھنے والے اساتذہ کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی جبکہ مظاہرین کچھ دیر منتشر ہوئے اور پھر دھرنا دے کر بیٹھ گئے شیلنگ اورلاٹھی چارج سے کئی اساتذہ کی حالت غیر ہوگئی‘ 18 اساتذہ کو گرفتارکرلیاگیا۔

 بنی گالہ جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں مظاہرین نے بارہ کہو روڈ پر دھرنا دے دیا جس سے اسلام آباد مری روڈ پر شدید ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، لوگ راستے میں پھنس گئے ہیں۔

پنجاب کے سیکنڈری سکولز کے کنٹریکٹ اساتذہ غیر مشروط طور پر مستقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

 ان کا مطالبہ ہے کہ 11ہزارکنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کیا جائے7 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں، مطالبات کی منطوری تک احتجاج جاری رکھا جائیگا۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اساتذہ کوکارسرکارمیں مداخلت اورکورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی پرحراست میں لیاجارہاہے۔

بعدازاں رات گئے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ گرفتار اساتذہ کی رہائی کا اعلان کردیا ادھر پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت اور احتجاجی اساتذہ کے رہنماؤں کے درمیان آج اتوار کو مذاکرات ہوں گے۔