اسلام آباد /نیویارک:پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے قریب آزاد جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اورسلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا۔
دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'پاکستان نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ پر بھارت کے قابل مذمت حملے کو باقاعدہ طور پر اٹھایا ہے اور زور دیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'اقوام متحدہ میں پاکستان کے مسقتل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ کے واضح نشان والی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جو مبصر گروپ کے کام میں رکاٹ ڈالنے کی ایک اور جابرانہ اور بزدلانہ کوشش ہے۔
اپنے خط میں پاکستان کے مستقل مندوب نے بھارت کے اس اقدام کو 'پاکستان کے خلاف بھارت کی ایک اور ناکام کارروائی کو جواز بخشنے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے سیکریٹری اور سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ 'پاکستان کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ آر ایس ایس-بی جے پی حکومت مقامی مشکلات سے توجہ ہٹانے اور پاکستان کے خلاف ایک اور ناکام کارروائی کو تقویت بخشنے کے لیے ایک جعلی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
دفترخارجہ کے مطابق پاکستان کے مستقل مندوب نے 'خبردار کیا کہ اگر ایسا ہوا تو پاکستان اپنے دفاع کے حق کا بھرپور استعمال کرے گا۔اپنے خط میں انہوں نے 'اقوام متحدہ سے درخواست کی ہے وہ مبصر گروپ پر حملے کی پرزور مذمت کریں اور بھارت سے 2003 کی جنگ بندی پر عمل کرنے کا مطالبہ کریں۔
بیان کے مطابق پاکستان سفیر نے کہا کہ 'اقوام متحدہ کو مبصر گروپ کو مضبوط کرنے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اطلاع فراہم کرنے میں معاونت کے لیے پاکستان کے مطالبات پر ہنگامی بنیاد پر اورمثبت جواب دینا چاہیے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کو یاد دہانی کروائی ہے کہ 'مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اورغیر انسانی فوجی گھیرا اور مواصلاتی رابطے کے خاتمے کو 500 دن سے زائد ہوچکے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 سے بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورمعصوم کشمیریوں کی حراست کی طرف توجہ دلایا۔
دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی مندوب نیاقوام متحدہ کو بتایا کہ بھارت کا حتمی منصوبہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی پہچان کو مسلمانوں کے اکثریتی علاقے سے تبدیل کرنا ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا ہے۔
ایل او سی پر جاری کشیدگی سے اقوام متحدہ کو آگاہ کرتے ہوئے خط میں کہا گیا کہ بھارت نے صرف رواں سال میں اب تک ایل او سی اور ورکنگ بانڈری میں بلااشتعال 300 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف خلاف ورزی کی ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے بتایا کہ بھارت نے ایل او سی اور ورکنگ بانڈری سے ملحق 'شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 خواتین اور 68 بچوں سمیت 276 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 27 دم توڑ گئے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے صبح 10:45 پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔