اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق مناسب وقت پر سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک انتخابی پروگرام کی صورت میں جاری کرے گا۔
سینیٹ کے نصف اراکین 11مارچ 2021کو اپنی 6 سالہ مدت میعاد پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
آئین کے آرٹیکل 224کے ذیلی آرٹیکل 3کے تحت جو نشستیں اپنی مدت میعادمکمل ہونے کے بعد خالی ہوں گی ان پر الیکشن کا انعقاد قبل از 30ایام نہیں ہو سکتا۔،یعنی ان خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق 10فروری 2021 سے قبل نہیں ہوسکتا۔
پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز سے سینیٹ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں،اس سلسلے میں مختلف حلقوں کی طرف سے بیانات بھی جاری کئے گئے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں کے بارے بھی آرا ء کا اظہار کیا گیا جس سے کچھ ابہام پیدا ہوا۔
ابھی تک الیکشن کمیشن نے اس بارے کوئی بیان جاری نہ کیا تھا مگر اب محسوس کیا گیا ہے کہ صورت حال کو آئین اور قانون کی روشنی میں واضح کیا جائے،عام طور پر سینیٹ کے گزشتہ 4سے 5انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوتے رہے ہیں اس بار بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین اور قانون کے مطابق مناسب وقت پر ان انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک انتخابی پروگرام کی صورت میں جاری کرے گا۔
سینیٹ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کو آئین اور قانون کی روشنی میں نبھانے کے لئے پرعزم ہے۔