نارووال اسپورٹس سٹی کیس:احسن اقبال سمیت تمام ملزمان پرفرد جرم ‏عائد

لاہور:احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال سمیت تمام ملزمان پرفرد جرم ‏عائد کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں سابق وفاقی وزیر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ریفرنس میں احسن اقبال، سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا اور سرفراز رسول پر بھی فرد جرم عائد کردی جب کہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے 12جنوری کو نیب سے گواہ طلب کرلیے۔

عدالت کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ خود کو اسپورٹس مین کہنے والے وزیراعظم کے دورمیں کھیلوں کا منصوبہ لگانا جرم بن گیا،  ان جھوٹے ریفرنسز کا مقصد اپوزیشن کی کردار کشی، دباؤ ڈالنا اور تکلیف دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سیاسی کیسزکی کارروائی ٹی وی پر براہ راست نشرکرنے کا حکم دیں،عوام کو پتہ تو چلے کہ عمران خان نیازی کے احتساب کی کتنی ٹانگیں ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ خود عمران خان نے سیکڑوں غریبوں کے گھر غیرقانونی قرار دے کر گرا دیے اور اپنے اختیارات کا استعمال کرکے گھر ریگولرائز کرایا،زون تھری میں آنے والی جگہ کو زون فور میں ڈال کر قانونی کروالیا گیا،بنی گالا کا این آر او لینے والوں کو معاف نہیں کریں گے، عمران خان کا غیرقانونی گھر ریگولرائزکرنے والے سی ڈی اے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔