بھارتی گلوکار گرو رندھاوا اور کرکٹر سریش رائنا کی گرفتاری و رہائی

ممبئی:ممبئی پولیس نے کوویڈ-19  ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی گلوکار گرو رندھاوا اور کرکٹر سریش رائینا کو گرفتار کرلیا، تاہم انھیں بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  زید خان کی بہن اور ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان کو بھی نوٹسز جاری کردیے گئے۔ 

ممبئی پولیس کے سینیئر انسپکٹر ساہر پولیس اسٹیشن ایس مانے نے کہا کہ ایک کلب پر رات کو ڈھائی بجے چھاپہ مارا گیا۔

انھوں نے کہا کہ چھاپے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ  کلب کو چلانے والے اور اس میں آئے مہمانوں نے کوویڈ-19 ضابطے کی خلاف ورزی کی۔ 

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انھوں نے چہرے پر ماسک نہیں لگائے تھے جبکہ سماجی فاصلے کو بھی برقرار نہیں رکھا، جبکہ اس سلسلے میں 7 اسٹاف ممبران سمیت 34 افراد کو  گرفتار کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ان میں کرکٹر سریش رائینا اور گلوکار گرو رندھاوا بھی شامل ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کچھ خواتین سیلیبریٹیز بھی شامل تھیں، تاہم انھیں گرفتار نہیں کیا گیا اور نوٹس دے کر جانے کی اجازت دے دی گئی۔