اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینے کے لئے سی ڈی اے آرڈیننس 1960میں ترمیم،زرعی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو، وفاقی میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ آرڈیننس 2020کے تحت پمز،وفاقی میڈیکل کمیشن اور سکول آف ڈینٹسری کے بورڈ آف گورننس تعینات کرنے، سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری اور چھٹی مردم شماری اورخانہ شماری 2017کی رپورٹ حتمی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل میں جمع کرانے کی ہدایت کردی جبکہ وزارت داخلہ کو ای سی ایل کے قوانین میں ترمیم کیلئے اختیار تفویض کرنے کی اجازت دی گئی۔
یہ منظوری صرف عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے دی گئی ہے،ای سی ایل میں ترمیم کی حتمی منظوری کابینہ سے لی جائے گی جس کی سفارش کابینہ کمیٹی دے گی، کابینہ کمیٹی میں وزیرقانون اوروزیرداخلہ پر مشتمل ہوگی،سیکرٹری داخلہ اور مشیر داخلہ واحتساب خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کرسکیں گے۔
منگل کو کابینہ اجلاس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کابینہ اجلاس میں صرف وہ وزراء شامل ہوئے جو ایجنڈا آئیم میں شامل تھے باقی وزراء نے ورچوئل شرکت کی۔ شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر سے ہسپتالوں میں بوجھ بڑھ رہا ہے، جن شہروں میں اپوزیشن نے جلسے کئے وہاں کورونا وباء میں اضافہ ہوا،انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں مارگلہ روڈ پر غیر قانونی تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی گئی،قانون سب کیلئے برابر ہے۔
کابینہ نے سی ڈی اے آرڈیننس 1960میں ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چھٹی مردم شماری 2017کی رپورٹ حتمی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔
کابینہ نے رابطہ کمیٹی کے 16دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں کئے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام ملازمین پر پاکستان ایسینشل سروسز)مینٹیننس(ایکٹ 1952 کے اطلاق کی مزید چھ مہینے کے لیے منظوری دی۔ سرمایہ کاری بورڈ میں وزیرصنعت و پیدا وا کی شمولیت کی منظور ی دی۔
اعلامئے کے مطابق کابینہ نے پاکستان نیوی کے آپریشنل ضروریات پوری کرنے کے لیے جے پی -5تیل درآمد کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے سیکرٹری توانائی کی بطور چیئرمین پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی)،نیشنل انرجی ایفیشینسی کنزرویشن اتھارٹی(نیکا)اور الٹرنیٹوانرجی ڈویلپمنٹ بورڈ (اے ای ڈی بی)تعیناتی کی منظوری دی۔
اعلامئے کے مطابق کابینہ نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی منظوری دی۔