مردان میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی ریلی اور جلسے کی تیاریاں عروج پر

حکومت کی جانب سے اجازت نہ ہونے کے باوجود خیبر پختون خوا کے ضلع مردان میں آج اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ہونے والی ریلی اور جلسے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرٍِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کرنل شیر خان انٹرچینج کے راستے مردان پہنچیں گی۔
ترجمان مسلم لیگ نون خیبر پختون خوا اختیار ولی کے مطابق انٹر چینج پر کارکن مریم نواز کا استقبال کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مریم نواز ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن شیر گڑھ سے قافلے کی شکل میں مردان پہنچیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کی ریلیاں شمسی روڈ پر جمع ہونے کے بعد جلسہ گاہ اکٹھی آئیں گی۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے میں شریک نہیں ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلاول کی جگہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ کریں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر امیر حیدر ہوتی اے این پی کی ریلی کی قیادت کریں گے۔