ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع کرینگے، وزیراعظم / آرمی چیف 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرشدید تشویش، ایل او سی پر بھارتی فوج کی مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اشتعال انگیز اقدامات پر  غور کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم کی حمایت سے ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔

 وزیراعظم آفس  سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو  وزیراعظم عمران خان سے  چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ فیض حمید بھی موجود تھے۔  اعلامیے  کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امور، اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے ساتھ مسلسل اشتعال انگیز اقدامات اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا۔ 

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں  اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پوری قوم کی حمایت سے ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔