اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دو ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کرلیا جبکہ مریم اورنگ زیب نے استعفے بھجوانے کی تردید کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی اسمبلی کی جانب سے دونوں اراکین کو جاری خط کے ساتھ بیان میں کہا گیا ہے کہ 'مسلم لیگ(ن)کے اراکین قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی NA-15اور محمد ساجد NA-14 کو قومی اسمبلی نشست سے استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق دونوں اراکین قومی اسمبلی نے 14دسمبر 2020کو اپنے اپنے سرکاری لیٹر پیڈ پر استعفے سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے۔
قومی اسمبلی کے بیان میں بتایا گیا کہ 'دونوں اراکین کو مراسلے بھیج دیے گئے ہیں اور اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کی تاریخ سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو مطلع کرنے کو کہا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'اراکین کی جانب سے دی گئی تاریخ کے 7دن کے اندر انہیں استعفوں کی تصدیق کے بلایا جائے گا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ اراکین کی جانب سے جواب نہ دینے کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ انہوں نے اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا اور مذکورہ صورت میں ان کے استعفوں کو منظور کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے اپنے بیان میں پارٹی اراکین کے استعفے براہ راست سپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے سپیکر قومی اسمبلی کو براہ راست استعفے جمع کرانے کی خبر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کرائے تھے، خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کو بھجوادیے ہیں اور دونوں ارکان کے استعفے براہ راست سپیکر قومی اسمبلی کو دینے اور انہیں تصدیق کے لیے بلانے کی خبر حقائق کے برعکس ہے۔