خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن اگست میں کرانے کی تیاری

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت الیکشن اگلے سال اگست میں کرائے جائیں گے۔

 اس سے قبل حکمت عملی کی منظوری صوبائی کابینہ سے حاصل کی جائے گی اس سلسلہ میں عدالت عظمیٰ اور الیکشن کمیشن میں جامع جواب بھی جمع کرائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں قائم وزارتی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں جو جلد ہی وزیر اعلیٰ محمود خان کے سامنے پیش کردی جائیں گی جس کے بعدکابینہ سے بھی منظوری حاصل کی جائے گی۔

 ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کامؤقف ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت کے خدشہ کے پیش نظر فوری طورپر بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے جاسکتے کیونکہ کم از کم تیس ہزار بنیادی کونسلوں میں لاکھوں امیدوار سامنے آئیں گے اور گھروں کی دہلیز تک سیاسی و انتخابی سرگرمیاں ہونگی جس کی وجہ سے ایس او پیز پر عملدر آمدکسی بھی صورت نہیں کرایا جاسکے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے الیکشن کے انعقاد کے لیے ماہ اگست کو موزوں قراردیا جارہاہے اس وقت تک کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں کافی حد تک کمی کی توقع کی جارہی ہے۔

 ذرائع کے مطابق ابھی تک نیبر ہڈ کونسل اور ٹاؤن کونسل کاسربراہی الیکشن ایک دن یا الگ الگ کرانے کے حوالہ سے بھی تاحال کوئی واضح فیصلہ نہیں کیاجاسکاہے