بھارتی ہیکرز کا حملہ، پاکستان ریلوے کا نظام درہم برہم

اسلام آباد: پاکستان ریلوے کے آئی ٹی سرور پر بھارتی ہیکرز کے حملے نے پاکستان ریلوے کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 دن گزرنے کے باوجود آئی ٹی سسٹم بحال نہیں کیا جا سکا ہے۔

 اس حوالے سے وزیر ریلوے اعظم سواتی نے مسئلہ جلد حل کرنے اور سسٹم کو ہیکرز سے بچانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کمپیوٹر سسٹم کے بند ہونے کا معاملہ مزید سنگین ہوگیا ہے۔آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر ڈیٹا بھارتی ہیکروں کی نظروں میں آ سکتا ہے۔

 اس حوالے سے پاکستان ریلوے کے آئی ٹی ایکسپرٹس نے سر جوڑ لیے۔

 36 گھنٹے گزرنے کے باوجود ریلوے آئی ٹی افسران مین سرور میں بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے اور اسکے حل میں تاحال ناکام ہیں۔

آئی ٹی ایکسپرٹ نے ریلوے آئی ٹی سسٹم میں ہیکنگ کے خدشات کا اظہار کردیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سرور کا سافٹ ویئر بھی خراب ہو گیا، سافٹ ویئر میں خرابی اور ڈیٹا غائب ہونا ہیکنگ کی وجہ بن سکتا ہے۔سافٹ ویئر خراب ہونے سے گزشتہ 3ماہ کا ڈیٹا غائب ہو گیا۔

 دوسری جانب ریلوے حکام نے ڈیٹا ری سٹور کرکے بیک اپ سسٹم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، بیک اپ پر سسٹم چلانے کے باوجود ٹکٹوں کی ریزرویشن میں مشکلات درپیش ہیں۔

 ڈیٹا کی مکمل ریکوری تک ٹکٹوں کی ریزرویشن میں مشکلات رہیں گی۔بیک اپ پر سسٹم چلانے کے بعد سافٹ ویئر میں خرابی اور ہیکنگ کی وجوہات تلاش کی جائیں گئیں۔

 وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔