کورونا سے مزید 64 اموات، ایک ہزار 910 نئے کیسز رپورٹ

گزشتہ ایک دن کے دوران کورونا سے ملک بھر میں 64 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ مزید ایک ہزار 910 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  40 ہزار 821 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 910 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں  کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 33ہزار295 ہوگئی ہے۔ جن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 64 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 11 ہزار 514 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 387 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد   4 لاکھ 94 ہزار 578 ہوگئی ہے۔