خیبر پختونخوا حکومت کی ہدایات کی روشنی میں پشاور میں غیر قانونی 181 رہائشی کالونیز میں ہر قسم کے انتقالات اور رجسٹری پر پابندی عائد کردی گئی۔
پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں 181 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے، ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہر قسم کے انتقالات اور رجسٹری پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ پولیس کو بھی غیر قانونی ہاؤ سنگ سوسائٹیز کے خلاف ایف آئی آر کی قانونی کاروائی کی ہدایات کی گئی ہیں۔
غیرقانونی سوسائٹیز پشاور میں 70 فیصد سے زیادہ زرعی اراضی پر قائم ہیں جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی صریحا خلاف ورزی ہے۔
اسی طرح پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پشاور میں ڈیڑھ سو سے زائد ایسی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز موجود ہیں جو کہ بغیر کسی منظوری یا این او سی کے قائم کی گئیں ہیں جس پر صوبائی حکومت نے بھی نوٹس لیا۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت کے نوٹس میں آنے کے بعد وزیراعلی محمو د خان نے غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کئے تھے ۔