اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر پنجاب حکومت کو شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ نون اور قبضہ مافیا ایک ہی ہیں۔
قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا،قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔
جمعرات کو حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو اوقاف کی جانب سے قبضہ مافیا پر بریفنگ دی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے،ان کے قبضوں سے متعلق مزید چیزیں بھی سامنے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن باہر سے فنڈنگ لیتے رہے، مولانا کو جواب دہ ہونا پڑے گا، کوئی قانون سے بالا تر نہیں،ان لوگوں نے ہمارے خلاف کیس کیا مگر خود پھنس گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں فتح حاصل کریں گے، چاہتے ہیں سینیٹ انتخابات شفاف ہوں، شفافیت یقینی بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شہزاد اکبر نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ خرم دستگیر سے 1 ارب روپے سے زائد کا قبضہ واگزار کروایا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، براڈ شیٹ، قبضہ مافیا سمیت اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی، ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی ترجمانوں نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے والا کام کررہی ہیں،وہ ایسی باتیں بتا رہی ہیں جن کا ہمیں علم ہی نہیں تھا۔
معاون خصوصی شہباز گل نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پر ترجمانوں کو بریفنگ دی، وزیراعظم نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا خیر مقدم کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے 2017، 18 کا ڈیٹا حاصل کیا، جب یہ اردو ترجمہ کروائیں گے انہیں پتہ چل جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید ہی براڈشیٹ کی تحقیقات کریں گے، وہ معزز اور اچھی شہرت والے جج ہیں، نیب میں جب وہ زرداری کے خلاف انکوائری کر رہے تھے تب نون لیگ خوش تھی۔
ذرائع کے مطابق فرخ حبیب نے حکومتی ترجمانوں کو ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر اجلاس کو بریفنگ دی۔